شجاع آباد ،30اگست (اے پی پی ):اسسٹنٹ کمشنر شجاع آباد سیدہ حمیرا شاہ کی سربراہی میں ممکنہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں انخلاء کا عمل جاری ہے۔ پولیس فورس کی مدد سے مقامی مکینوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔
تحصیل انتظامیہ کی جانب سے عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ انخلاء کے عمل میں انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔ ممکنہ سیلاب کے پیش نظر تمام محکمے الرٹ کر دیے گئے ہیں اور متعلقہ افسران و عملہ اپنی ڈیوٹیاں سرانجام دے رہے ہیں۔
مزید برآں، فلڈ ریلیف کیمپس قائم کر دیے گئے ہیں جہاں متاثرہ افراد کے لیے ضروری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ اسسٹنٹ کمشنر نے واضح کیا کہ انتظامیہ کی جانب سے تمام تر حفاظتی اور ریلیف انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔