راولپنڈی ، 12اگست (اے پی پی) :وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے راولپنڈی آرٹس کونسل میں جشن آزادی کے سلسلے میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے معرکۂ حق میں فتح حاصل کر کے ثابت کیا کہ اللہ کے بعد صرف پاکستان ہی اسرائیل کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج راولپنڈی میں تعلیم اور سفری سہولیات بہتر سے بہتر ہو چکی ہیں، اور حکومت شہر کے ہسپتالوں کو پونے دو ارب روپے کی لاگت سے اپ گریڈ کر رہی ہے۔
حنیف عباسی نے کہا کہ لیبیا اور شام کے پاس اربوں ڈالر تھے لیکن جنگ ہمت اور قربانی سے جیتی جاتی ہے، نہ کہ پیسوں سے۔ انہوں نے پاکستان کی مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنی فوج پر فخر ہے، جنہوں نے لاہور میں بھی پتھر کھائے مگر گولی نہیں چلائی۔انہوں نے کہا کہ “پنجابی ہو، بلوچی ہو، کشمیری ہو، ہر پاکستانی اس معرکے میں پاک آرمی کے ساتھ کھڑا تھا۔
حنیف عباسی نے اس موقع پر بنگلہ دیش میں پاکستان زندہ باد کے نعروں کا حوالہ بھی دیا اور کہا کہ آج بھارت اپنی پراکسی کے ذریعے مظلوم کشمیریوں کو بسوں سے اتار کر قتل کر رہا ہے۔
وزیر ریلوے نے کہا کہ پاکستان اب مضبوط ہاتھوں میں ہے اور قوم اس بار جشن آزادی ایک فاتح قوم کی حیثیت سے منائے گی۔











