لاہور، 2 اگست (اے پی پی): اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے اپنے پہلے سرکاری دورۂ پاکستان کے موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ہمراہ مزارِ اقبال پر حاضری دی۔
صدر کے ہمراہ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اور دیگر معزز اراکینِ وفد بھی موجود تھے۔ حضوری باغ آمد پر مہمان صدر اور ان کے وفد کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ مزارِ اقبال پہنچنے پر صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عظمیٰ زاہد بخاری، صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات ملک صہیب احمد بھرت اور خطیب بادشاہی مسجد مولانا عبدالخبیر آزاد نے استقبال کیا۔ پنجاب رینجرز کے چاق و چوبند دستے نے مہمان صدر کو سلامی پیش کی۔ صدر مسعود پزشکیان پنجاب رینجرز کے ہمراہ مزارِ اقبال میں داخل ہوئے، جہاں انہوں نے شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کو پھولوں کا نذرانہ پیش کیا اور خراجِ عقیدت پیش کیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف اس موقع پر ان کے ہمراہ تھیں۔ مولانا عبدالخبیر آزاد نے مزارِ اقبال پر فاتحہ خوانی کروائی اور خصوصی دعا کی۔ بعد ازاں مہمان صدر نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات درج کیے۔ تقریب کے اختتام پر ایرانی صدر اور ان کے وفد کا وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے ہمراہ گروپ فوٹو بھی بنایا گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ایرانی صدر اور وفد کو لاہور ایئرپورٹ پر رخصت کیا۔ ایرانی صدر کے دورے کے موقع پر لاہور کی اہم شاہراہوں کو خیرمقدمی بینرز سے سجایا گیا تھا، جو دونوں ممالک کے گہرے تعلقات اور مہمان نوازی کی خوبصورت عکاسی کرتے رہے۔
اے پی پی /لاہور/نورین











