ایرانی صدر مسعود پزشکیان پاکستان پہنچ گئے، نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پرتپاک استقبال کیا

23

لاہور، 2 اگست (اے پی پی): پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کا لاہور ایئرپورٹ پر شاندار خیرمقدم کیا۔

ایرانی صدر اپنے پہلے سرکاری دورے پر پاکستان پہنچے ہیں۔ محمد نواز شریف نے مہمان صدر سے پرجوش مصافحہ کیا جبکہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے صدر مسعود پزشکیان کو لاہور آمد پر خوش آمدید کہا۔

مہمان صدر نے پرتپاک استقبال پر شکریہ ادا کیا۔ صدر مسعود پزشکیان کو پھولوں کے گلدستے پیش کیے گئے اور ایئرپورٹ لاؤنج میں محمد نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب سے رسمی ملاقات بھی ہوئی۔

بعدازاں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف مہمان صدر کے ہمراہ مزارِ اقبال کے دورے کے لیے روانہ ہو گئیں۔ اس موقع پر سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، صوبائی وزرا، چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان، آئی جی پنجاب عثمان انور اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

ایرانی صدر کے دورے کو پاکستان اور ایران کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔