ملتان، 25اگست(اے پی پی): اے ایس بی ایف میموریل ویلفیئر سوسائٹی اور ڈی آر سی کے زیر اہتمام ٹبہ سلطان پور تحصیل میلسی میں”منشیات کے اثرات اور سدباب”کے موضوع پر ایک روزہ آگاہی سیمینار منعقد کیا گیا۔ سیمینار میں ڈائریکٹر پروگرام سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال پنجاب لاہور مزمل یار نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں معروف سماجی شخصیت چیئرمین اے ایس بی ایف حاجی فیاض حسین تھہیم ، جاوید اقبال تمیم، اسسٹنٹ ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر ڈی آر سی سمیرا ستار، ڈاکٹر آصف مغل، ڈاکٹر نوید احمد کھنڈ سمیت اساتذہ ، طلباء اور مقامی افراد نے شرکت کی۔ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر پروگرام سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال پنجاب لاہور مزمل یار نے کہا کہ
منشیات ایک ایسا مرض ہےجو نہ صرف فرد کی زندگی کو تباہ کرتا ہے بلکہ پورے معاشرے کے امن، سکون اور ترقی کے راستے میں ایک بڑی رکاوٹ بن جاتا ہے۔۔ حاجی فیاض حسین تھہیم نے کہا کہ خاص طور پر ٹبہ سلطان پور اور گردونواح میں منشیات کے بڑھتے ہوئے استعمال نے حالات کو تشویشناک بنا دیا ہے۔ منشیات کا تدارک وقت کی اہم ضرورت ہے اور اسی مقصد کے پیش نظر اس سیمینار کا انعقاد ہوا تاکہ لوگوں کے شعور کو بیدار کیا جا سکے۔