بدین میں کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے یومِ استحصال کے حوالے سے ریلی

25

بدین، 05 اگست ( اے پی پی): ملک بھر کی طرح بدین میں بھی کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے یومِ استحصال منایا گیا۔ اس سلسلے میں چیئرمین ضلع کونسل اور ضلعی صدر پاکستان پیپلز پارٹی جام علی اصغر ہالیپوتہ کی قیادت میں اللہ والا چوک سے شہید محترمہ بینظیر بھٹو چوک تک ریلی نکالی گئی۔ اس موقع پر جنرل سیکریٹری ڈاکٹر سجاد علی چانڈیو، وائس چیئرمین ضلع کونسل فدا حسین مندھرو، چیف آفیسر ڈسٹرکٹ کونسل اشوک کمار، ڈپٹی انفارمیشن سیکریٹری حاجی میر ملاح، سينئر نائب صدر سپاف تعلقہ بدین معاذ سموں بھی موجود تھے۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے جام علی اصغر ہالیپوٹو نے کہا کہ 5 اگست کشمیر کی تاریخ کا سیاہ دن ہے۔ اس دن 2019ء میں بھارت نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کر کے کشمیری عوام کے شہری حقوق کو پامال کیا، لیکن غیرت مند کشمیری عوام نے بھارت کے اس ظالمانہ اور غاصبانہ قبضے کی کوشش کو ناکام بنا دیا ہے۔ پاکستانی قوم کشمیریوں کے جذبہ آزادی، جرات اور قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے اور پوری دنیا سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو اپنا مستقبل خود طے کرنے کا حق دے اور کشمیر میں آرٹیکل 35-A اور 370 کو اپنی اصل حالت میں بحال کیا جائے۔