چیئرمین پرائم منسٹرز یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں کا یومِ استحصال کشمیر پر خصوصی پیغام

17

اسلام آباد: 5 اگست (اے پی پی ): چیئرمین پرائم منسٹرز یوتھ پروگرام، رانا مشہود احمد خاں نے یومِ استحصال کشمیر کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کشمیری عوام سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور کشمیریوں کے بنیادی حقوق کے لیے پوری پاکستانی قوم متحد ہے۔

رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ آئین و قانون کی سنگین خلاف ورزی کرتے ہوئے کشمیری عوام کو ان کے حقِ خود ارادیت سے محروم نہیں رکھا جا سکتا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بہت جلد کشمیری بہن بھائیوں کو آزادی کا حق ضرور حاصل ہوگا۔

چیئرمین نے کہا کہ پاکستان کے نوجوان کشمیری عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور ظلم و بربریت کے خلاف آواز بلند کرنے کے لیے متحد ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نے مسئلہ کشمیر کو اقوامِ متحدہ کے پلیٹ فارم پر مؤثر انداز میں اجاگر کیا ہے۔

رانا مشہود احمد خاں نے مزید کہا کہ کوئی بھی طاقت پاکستان کو کشمیریوں کے حق کے لیے آواز اٹھانے سے نہیں روک سکتی۔ “ہم کشمیر کے لیے آخری حد تک جائیں گے”، انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا ۔انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ کشمیری عوام کو جلد از جلد آزادی کی نعمت عطا فرمائے۔