حکومت بلوچستان کاجھالاوان میڈیکل کالج اینڈ اسپتال کے زیر التوا منصوبے کو فعال کرنے کا فیصلہ

14

کوئٹہ، 11  اگست (اے پی پی):  حکومت بلوچستان نے جھالاوان میڈیکل کالج اینڈ اسپتال کے زیر التوا منصوبے کو فعال کرنے کا فیصلہ کرلیا،پروجیکٹ کی تعمیر کاکام محکمہ مواصلات کے سپرد کردیاگیا۔ ترجمان کےمطابق یہ فیصلہ پیر کو وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت اجلاس میں کیاگیا۔اجلاس میں صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ، لیڈر آف اپوزیشن میر یونس عزیز زہری اور اعلی ٰحکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ بلوچستان میرسرفراز بگٹی نے منصوبے کی تکمیل میں غیر ضروری تاخیر پرافسوس کااظہار کرتے ہوئے متعلقہ محکموں کو از سر نو پی سی ون تشکیل دے کر منصوبے پر فوری کام تیز کرنے کا حکم دیدیا۔ اجلاس میں بتایاگیاکہ جھالاوان میڈیکل کالج سے دو بیچ فارغ التحصیل، 400 طالب علم زیر تعلیم ہیں، وزیراعلیٰ بلوچستان میرسرفرازبگٹی نے کہاکہ منصوبے میں تاخیر سے طلبہ کے مسائل میں اضافہ ہورہا ہے، بچوں کا مستقبل داؤ  پر نہیں لگنے دیں گے، منصوبہ جلد از جلد مکمل کیا جائے، جھالاوان میڈیکل کالج اینڈ اسپتال کی بروقت تکمیل سے علاقے میں طبی سہولیات میں نمایاں بہتری آئے گی۔