اسلام آباد، 19 اگست ( اے پی پی): وزیر اعظم کے معاونِ خصوصی برائے تجارت رانا احسان افضل نے کہا ہے کہ حکومت معیشت کو پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے اصلاحات پر عمل پیرا ہے اور صنعتی شعبے کو بھرپور تعاون فراہم کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے یہ بات آٹو پارٹس مینوفیکچررز سمٹ 2025 میں پاکستان آٹو پارٹس مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پاپام) کے زیراہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ رانا احسا ن افضل نے کہا کہ حکومت برآمدات میں اضافے، سرمایہ کاری کے فروغ اور کاروباری ماحول کی بہتری کے لیے نجی شعبے کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت صنعت و پیداوار کے شعبے میں پالیسی اصلاحات اور سہولت کاری کے اقدامات پر عمل کر رہی ہے تاکہ مقامی صنعت کو درپیش چیلنجز کم ہوں اور نئی سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کیے جا سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ برآمدات بڑھانے اور تجارتی توازن بہتر بنانے کے لیے صنعتکاروں اور کاروباری برادری کی تجاویز کو ترجیح دی جائے گی۔











