لاہور، 30 اگست (اے پی پی): وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبائی وزیر صحت اور چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے ڈیزاسٹر مینجمنٹ خواجہ سلمان رفیق نے ضلع قصور کا ہنگامی دورہ کیا اور سیلابی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر قصور عمران علی اور ڈی پی او محمد عیسیٰ نے صوبائی وزیر کو زمینی صورتحال اور جاری امدادی کارروائیوں پر بریفنگ دی۔ بریفنگ کے مطابق قصور کے 72 موضع جات متاثر ہوئے ہیں اور متاثرہ علاقوں میں 74 کشتیاں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔ اب تک 18 ہزار 308 افراد اور 36 ہزار 129 جانوروں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔ تلوار پوسٹ، اتر سنگھ والا اور کوٹھی فتح محمد میں آرمی اور پولیس کے 300 اہلکاروں کی مدد سے انخلاء یقینی بنایا جا رہا ہے۔ گنڈا سنگھ والا کے مقام پر پانی کا بہاؤ 2 لاکھ 53 ہزار 68 کیوسک تک پہنچ گیا ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے مقامی نمائندوں اور سیلاب متاثرین سے ملاقات کی۔ متاثرین نے حکومت پنجاب اور ضلعی انتظامیہ کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ تمام محکمے الرٹ ہیں اور متاثرین کے جان و مال کے تحفظ کے لیے دن رات کام جاری ہے۔ ضلع قصور میں چونیاں، قصور اور پتوکی میں بڑے ریلیف کیمپس فعال کر دیے گئے ہیں جہاں متاثرین کو خوراک، رہائش، پانی اور جانوروں کے چارے کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ “بھارتی آبی جارحیت اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات جیسے چیلنجز سے بھرپور انداز میں نمٹا جا رہا ہے۔” انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ سیلاب زدہ اور نشیبی علاقوں میں جانے سے گریز کریں تاکہ اپنی اور دوسروں کی حفاظت کو یقینی بنا سکیں۔