ملتان 28 اگست(اے پی پی):ڈپٹی کمشنر ملتان وسیم حامد سندھو اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر حسین میاں اور سی او ملتان صادق علی ڈوگر کی مشترکہ نگرانی میں ریسکیو 1122 ملتان نے دریائے چناب اور ستلج میں آنے والے اونچے درجے کے سیلاب کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے بھرپور انتظامات کیے ہیں۔ضلع ملتان اور تحصیل شجاع آباد میں دریائے چناب کے کنارے 17 ریسکیو پوائنٹس جبکہ تحصیل جلالپور پیر والا میں دریائے ستلج کے قریب 7 ریسکیو پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں۔ان پوائنٹس پر 30 کشتیاں (بوٹس) اور 110 ریسکیو اہلکار تعینات ہیں جو ہر وقت عوام کی مدد کے لیے تیار ہیں۔ تحصیل جلال پور پیر والا میں اب تک 27 افراد اور 2 جانوروں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔ اور دریاؤں کے قریب ملتان کے علاقوں سے بھی تیزی سے انخلا۶ جاری ہے تاکہ فلڈ سے پہلے قیمتی جانوں و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے ۔ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ ریسکیو 1122 کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور عوام کی حفاظت کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اہلکاروں کے ساتھ تعاون کریں تاکہ کسی بھی جانی نقصان سے بچا جا سکے۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر حسین میاں نے کہا کہ اگر حالات مزید خراب ہوئے تو ریسکیو پوائنٹس کی تعداد بڑھائی جا سکتی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال کا فوری اور مؤثر جواب دیا جا سکے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ شہریوں کو قبل از وقت انخلا کے لیے اعلانات کے ذریعے ترغیب دی جا رہی ہے اور عوام کو اگاہ گیا ہے کہ وہ اپنی اور اپنے اہل خانہ کی حفاظت کے لیے فوراً محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں۔ریسکیو 1122 ملتان اور ضلعی انتظامیہ ہر لمحہ عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور مشکل کی اس گھڑی میں شہریوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔