اسلام آباد 13 اگست ( اے پی پی): دستاویزی سیریز “داستانِ پاکستان” کی ساتویں قسط بعنوان “معجزہ” میں 1947 کے دوران تحریکِ پاکستان کی ان کہی اور مختصر داستانوں کو پیش کیا گیا ہے۔
یہ قسط اس دور کی جدوجہد اور ہمارے آبا و اجداد کی بے مثال قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے جنہوں نے پاکستان کے قیام کو ممکن بنایا۔ برصغیر کے مسلمانوں نے آزادی کی یہ جنگ کئی محاذوں پر لڑی اور آخرکار کامیابی حاصل کی، تاہم یہ کامیابی ایک بھاری قیمت ادا کرنے کے بعد ملی، جس میں بے شمار دھوکے اور سازشیں بھی شامل تھیں۔
اس قسط میں جن اہم تاریخی واقعات کا احاطہ کیا گیا ہے ان میں پاکستان کو ایک علیحدہ ریاست کے طور پر اعلان کرنا، قائداعظم محمد علی جناح کی علالت، عیسائی برادری کا مسلم لیگ کو ووٹ دینا شامل ہیں-
اس کے علاوہ بنگال اور پنجاب کی تقسیم، اور ہجرت کرنے والے مسلمانوں پر ہونے والے مظالم و خونی فسادات
، ریڈکلف ایوارڈ اور اس سے جڑے حقائق شامل ہیں-
یہ قسط تحریکِ پاکستان کی تاریخ کے چند اہم اور کم معلوم پہلوؤں کو اجاگر کرتی ہے، جو نئی نسل کے لیے ایک سبق اور یاد دہانی ہے کہ یہ ملک کتنی قربانیوں کے بعد حاصل ہوا۔
اس قسط میں مختلف پاکستانی مورخین کے ماہرین کی آراء بھی شامل کی گئی ہیں











