پاکستان کا قومی پرچم؛ آزادی، اتحاد اور ایک بہتر مستقبل کی جدوجہد کے عہد کی نشانی

20

اسلام آباد،13 اگست(اے پی پی):پرچم کسی بھی قوم کی شناخت، وقار اور اتحاد کی علامت ہوتا ہے۔ یہ محض ایک کپڑے کا ٹکڑا نہیں بلکہ اس میں اس قوم کی تاریخ، قربانیاں، خواب اور مستقبل کی امنگیں سمائی ہوتی ہیں۔ دنیا کی ہر آزاد قوم کے پاس ایک پرچم ہوتا ہے جو اس کی آزادی، خودمختاری اور نظریاتی بنیادوں کا اعلان کرتا ہے۔ قومی زندگی میں پرچم اس اتحاد کی علامت ہے جو مختلف علاقوں، زبانوں اور ثقافتوں کو ایک مرکز پر لے آتا ہے۔

جنگ کے میدان سے لے کر کھیل کے مقابلوں تک، سفارتی محفلوں سے لے کر قومی تقریبات تک، پرچم قوم کی اجتماعی پہچان کا استعارہ ہے۔

 پاکستانی پرچم کا سبز رنگ اسلام اور اکثریتی مسلمان آبادی کی نمائندگی کرتا ہے، جبکہ سفید پٹی ملک کی مذہبی اقلیتوں کے لیے مساوی حقوق اور احترام کی علامت ہے۔ پرچم میں موجود سفید ہلال ترقی اور خوشحالی کا نشان ہے، اور پانچ کونوں والا ستارہ روشنی، علم اور رہنمائی کا استعارہ ہے۔ یہ پرچم ہمارے اتحاد، ایمان اور قربانیوں کی یاد دہانی کراتا ہے۔

پاکستان کا پرچم صرف ایک قومی نشان نہیں بلکہ ایک عہد ہے — آزادی کا عہد، اتحاد کا عہد اور ایک بہتر مستقبل کی جدوجہد کا عہد۔ ہر 14 اگست کو جب یہ پرچم فضا میں لہراتا ہے تو ہمیں یاد دلاتا ہے کہ یہ آزادی لاکھوں قربانیوں کا نتیجہ ہے، یہ ہمیں اپنے ماضی سے جوڑتا ہے اور مستقبل کی راہوں کو روشن کرتا ہے، پرچم کی ہر لہر میں ایک پیغام ہے کہ ہم ایک ہیں اور ہمیشہ رہیں گے۔