راولپنڈی،بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر کی آر ایم یو میں یوم آزادی کی تقریب میں شرکت

15

راولپنڈی, 15 اگست (اے پی پی):بنگلہ دیش کے  ہائی کمشنر محمد اقبال حسین نے راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی میں یوم آزادی کی تقریب میں شرکت کی۔

ہائی کمشنر محمد اقبال حسین نے پاکستان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے دونوں برادر ممالک کے درمیان باہمی تعاون جاری رکھنے کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان مضبوط تعلقات ہیں جو آنے والے دنوں میں مزید مضبوط ہوں گے۔ہائی کمشنر نے یہ بات جمعہ کو  راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی کے زیر اہتمام پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔دورے کے دوران انہوں نے پرچم کشائی کی تقریب میں شرکت کی، یونیورسٹی کے مختلف شعبوں  کا دورہ کیا اور ایک پودا بھی لگایا۔

قبل ازیں یونیورسٹی پہنچنے پر بنگلہ دیشی ہائی کمشنر محمد اقبال حسین  کا  وائس چانسلر راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی   ڈاکٹر محمد عمر اور یونیورسٹی کے اعلیٰ حکام نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔وائس چانسلر نے معزز مہمان کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس دورے کو تاریخی ترقی قرار دیا کیونکہ یہ آر ایم یو میں کسی بھی بنگلہ دیشی سفیر کا پہلا دورہ تھا۔ڈاکٹر عمر نے کہا کہ یہ دورہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان مضبوط ہوتے ہوئے سفارتی اور تعلیمی تعلقات کو اجاگر کرتا ہے۔ اس موقع پر پاکستان اور بنگلہ دیش کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔