ملتان ، 1اگست(اے پی پی):ریسکیو 1122 ملتان کی جشنِ آزادی تقریب میں بھرپور شرکت،تقریب جمعہ المبارک کے روز صبح ساڑھے 9 بجے تاریخی چوک گھنٹہ گھر ملتان پر منعقد ہوئی۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جشنِ آزادی کی تقریبات کا آغاز چوک گھنٹہ گھر پر قومی پرچم کشائی سے کیا گیا۔
ریسکیو 1122 ملتان نے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر اس پرجوش تقریب میں بھرپور شرکت کی۔ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 ملتان انجینئر محمد بلال کی قیادت میں ریسکیو اسٹاف نے پرچم کشائی کی پروقار تقریب میں شریک ہو کر قومی جوش و جذبے کا اظہار کیا اور آزادی ریلی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اس موقع پر ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو 1122 ملتان کی جانب سے مشترکہ طور پر جشنِ آزادی ریلی اور شجرکاری آگاہی مہم کا باقاعدہ آغاز کیا گیا۔
ریسکیو 1122 اور ضلعی انتظامیہ کے اسٹاف نے پودے لگا کر عوام میں درختوں کی اہمیت اجاگر کی اور ماحول دوستی کا پیغام عام کیا۔