“ستھرا پنجاب” مہم : ملتان ڈویژن کی سطح پر صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے ڈویژنل انتظامیہ نے زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کر لی

6

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر “ستھرا پنجاب” مہم کے سلسلے میں ملتان ڈویژن کی سطح پر صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے ڈویژنل انتظامیہ نے زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کر لی ہے۔ کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے صفائی کے ناقص انتظامات پر نجی کنٹریکٹرز کو الٹی میٹم دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہر صورت مثالی صفائی یقینی بنائی جائے، بصورت دیگر کارروائی کی جائے گی۔

آؤٹ سورس صفائی نظام میں بہتر کارکردگی نہ دکھانے والی کمپنیوں کو بلیک لسٹ کرنے کا فیصلہ بھی زیر غور ہے۔ کمشنر عامر کریم خاں کی زیر صدارت اجلاس میں ڈویژنل انتظامیہ اور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو سمیت تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور نجی صفائی کمپنیوں کے نمائندگان موجود تھے۔

چیف ایگزیکٹو آفیسر ویسٹ منیجمنٹ کمپنی عبدالزراق ڈوگر نے ڈویژن میں جاری صفائی آپریشن پر تفصیلی بریفنگ دی۔ کمشنر عامر کریم خاں نے واضح کیا کہ ڈپٹی کمشنرز کی جانب سے صفائی کمپنیوں کی کارکردگی پر اٹھائے گئے تحفظات کو نظر انداز نہیں کیا جائے گا۔

اجلاس میں ورکرز کی تعداد کا گھریلو یونٹوں کے مطابق تعین اور اسسٹنٹ کمشنرز کے مانیٹرنگ کردار پر بھی گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر صفائی کمپنیوں کے لیے واضح KPIs مقرر کرنے کی تجویز بھی دی گئی تاکہ کارکردگی کو بہتر طور پر جانچا جا سکے۔

کمشنر عامر کریم خاں نے ہدایت دی کہ ڈپٹی کمشنرز شہری و دیہی علاقوں میں یکساں صفائی نظام کے نفاذ کو یقینی بنائیں۔ کمشنر عامر کریم خاں نے تمام تحصیلوں کا دورہ کرکے صفائی عملے اور مشینری کے آڈٹ کا عندیہ بھی دیا۔

اجلاس میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ حکومت پنجاب کو کنٹریکٹرز کی مجموعی کارکردگی اور معاہدوں پر نظرثانی کے لیے باقاعدہ تجویز ارسال کی جائے گی۔