“ستھرا پنجاب پروگرام” جائزہ اجلاس ، دیہی علاقوں میں صفائی کی مہم تیز کرنے کی ہدایت

12

لاہور، 2 اگست (اے پی پی): وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق کی زیر صدارت “ستھرا پنجاب پروگرام” کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں پروگرام کی پیشرفت، درپیش چیلنجز اور آئندہ کی حکمت عملی پر تفصیلی غور کیا گیا۔

وزیر بلدیات نے اجلاس میں واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ جن دیہی علاقوں میں صفائی کا کام ابھی باقی ہے، وہاں پندرہ روز کے اندر اندر پرانا کچرا اٹھایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ “ستھرا پنجاب پروگرام کے 70 فیصد اہداف حاصل کر لیے گئے ہیں، باقی 30 فیصد پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں ہوگا۔” ذیشان رفیق نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے دیہات میں صفائی کو ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

 اسی تناظر میں سی ای اوز کو ہدایت دی گئی کہ وہ ہر ہفتے کم از کم تین دیہات کا دورہ کریں اور ارکانِ اسمبلی کو اعتماد میں لیں۔ وزیر بلدیات نے خبردار کیا کہ وزیراعلیٰ کی ہدایات پر عملدرآمد میں کسی قسم کی سستی یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کرایا جائے گا، جس کے لیے خودمختار فرمز کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔ صوبائی وزیر نے ہر تحصیل میں کنٹریکٹرز کی کارکردگی رپورٹ طلب کر لی اور کہا کہ خراب کارکردگی پر کنٹریکٹرز کو فوری طور پر فارغ کیا جائے۔

 انہوں نے کہا، “کنٹریکٹرز کا دفاع نہیں کرنا، ان سے معاہدے کے مطابق کام لینا ہے۔” ذیشان رفیق نے یہ بھی کہا کہ شہریوں کی شکایات کا انتظار کرنے کے بجائے ایسا نظام بنایا جائے کہ شکایت کا موقع ہی نہ ملے۔

 اجلاس میں ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں سے ماہانہ ادائیگیوں کی تفصیلات بھی طلب کر لی گئیں۔ اجلاس میں ستھرا پنجاب پروگرام کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لیے شفافیت، کارکردگی اور جوابدہی کو بنیادی اصول قرار دیا گیا۔

اجلاس میں سپیشل سیکرٹری آسیہ گل، ارشد بیگ، ایڈیشنل سیکرٹری احمر کیفی اور ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے سی ای اوز نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔