سرگودھا سمیت پنجاب بھر میں سرویکل کینسر سے بچاؤ کے لیے سب سے بڑی ویکسینیشن مہم کا آغاز

6

سرگودھا، 26اگست(اے پی پی):سرگودھا سمیت پنجاب بھر میں سرویکل کینسر سے بچاؤ کے لیے سب سے بڑی ویکسینیشن مہم کا آغاز ہو گیا ہے۔ 9 سے 14 سال کی عمر کی بچیوں کو یہ ویکسین بالکل مفت لگائی جائے گی، حالانکہ اس کی اصل لاگت 30 ہزار روپے فی بچی ہے۔ صرف ضلع سرگودھا میں دو لاکھ چونتیس ہزار بچیوں کو ویکسین لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ افتتاحی تقریب میں محکمہ صحت کے افسران، تعلیم اور سماجی بہبود کے نمائندے اور معزز مہمان شریک ہوئے۔ اس موقع پر ماہرین صحت کا کہنا تھا کہ یہ ویکسین بچیوں کو رحم مادر کے کینسر جیسے مہلک مرض سے محفوظ بنانے کے لیے انتہائی مؤثر ہے۔ مہم کے دوران آگاہی سیمینار، یونین کونسل کی سطح پر کیمپس اور والدین کو خصوصی بریفنگز بھی دی جائیں گی۔ محکمہ صحت نے اپیل کی ہے کہ والدین اپنی بچیوں کو لازمی یہ ویکسین لگوائیں، کیونکہ یہ صرف ویکسین نہیں، بلکہ ایک محفوظ مستقبل کی ضمانت ہے۔