سکھر۔14اگستا(اے پی پی)سکھر میں یومِ آزادی کے موقع پر مرکزی تقریب شایانِ شان اور قومی جوش و جذبے کے ساتھ منائی گئی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی ترجمان سندھ حکومت و میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ تھے۔ اس موقع پر کمشنر سکھر ڈویڑن عابد حسین قریشی، ڈی آئی جی فیصل عبداللہ چاچڑ، ڈپٹی کمشنر نادر شہزاد خان، عزز شہریوں، اساتذہ، صحافیوں سمیت مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد موجود تھی۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک سے ہوا، جس کے بعد ملٹری روڈ واکنگ ٹریک پر نصب دنیا کے 11ویں، ایشیا کے 7ویں، پاکستان کے دوسرے اور سندھ کے بلند ترین 300 فٹ فلیگ پول پر 84 فٹ لمبا اور 56 فٹ چوڑا سبز ہلالی پرچم لہرایا گیا۔ پرچم کشائی کے ساتھ ہی قومی ترانہ بجایا گیا۔
اس موقع پر پولیس، سول ڈیفنس کی جانب سلامی اورپریڈ پیش کی گئی، تقریب میں بچوں نے قومی یکجہتی اور آزادی کی جدوجہد کے موضوع پر رنگا رنگ ٹیبلوز پیش کیے، جبکہ ملی نغموں پر روایتی اور جدیدٹیبلوز پیش کرکے حاضرین سے بھرپور داد حاصل کی۔ فضاءوقفے وقفے سے پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی۔
مہمانِ خصوصی بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج کا دن جشن منانے کا دن نہیں بلکہ اس عہد کی تجدید کا دن ہے کہ ہم اپنے اسلاف کی قربانیوں کو یاد رکھتے ہوئے وطن کی ترقی اور دفاع میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے، آزادی ہمیں کسی تحفے میں نہیں ملی بلکہ یہ لاکھوں شہداءکے خون، مجاہدین کی انتھک جدوجہد اور ماوئں بہنوں کی قربانیوں کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ معرکہءحق سے قبل ملک میں مایوسی کا ماحول تھا، لیکن آج ہم ایک نئے دور میں داخل ہو رہے ہیں جہاں امید کی نئی کرن جاگ اٹھی ہے۔











