سیلاب متاثرہ عوام کو تمام ممکنہ طبی سہولیات فراہم کرنا حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے: صوبائی وزیر خواجہ عمران نذیر

2

لاہور: 28 اگست (اے پی پی): صوبائی وزیر صحت و آبادی خواجہ عمران نذیر کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس میں متاثرہ اضلاع کی صورتحال اور امدادی اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ پنجاب کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں محکمہ صحت و آبادی کی ریلیف سرگرمیاں تیزی سے جاری ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف ریلیف آپریشن کی خود نگرانی کر رہی ہیں اور متاثرہ علاقوں میں فوری طور پر فیلڈ ہسپتال، کلینک آن ویلز اور ریلیف کیمپس قائم کر دیے گئے ہیں۔ اجلاس میں قصور، وزیر آباد، سیالکوٹ، گجرات، نارووال اور مظفرگڑھ سمیت مختلف اضلاع میں طبی سہولیات کی فراہمی کا جائزہ لیا گیا۔ خواجہ عمران نذیر نے ہدایت کی کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ادویات کی فراہمی ہر حال میں یقینی بنائی جائے اور کسی بھی کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ لائف سیونگ ڈرگز اور ایمرجنسی ادویات ہر ہسپتال اور ریلیف کیمپ میں دستیاب ہونی چاہئیں۔ صوبائی وزیر نے اعلان کیا کہ وہ خود متاثرہ اضلاع کا دورہ کریں گے تاکہ امدادی سرگرمیوں کا براہِ راست جائزہ لیا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ متاثرہ عوام کو تمام ممکنہ طبی سہولیات فراہم کرنا حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔