سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی ایشیائی ترقیاتی بینک کے صدر مساتو کندا سے ملاقات

2

لاہور , 29 اگست (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی نمائندگی کرتے ہوئے سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے ایشیائی ترقیاتی بینک کے صدر مساتو کندا اور ان کے 17 رکنی وفد سے ملاقات کی۔ ملاقات میں صوبائی کابینہ کے اراکین، چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان اور متعلقہ وزارتوں کے سیکرٹریز بھی شریک ہوئے۔ اجلاس میں پنجاب میں سیلاب کی صورتحال، امدادی اقدامات اور آئندہ لائحہ عمل پر بات چیت کی گئی۔ اے ڈی بی صدر نے سیلابی تباہ کاریوں اور انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا۔ مریم اورنگزیب نے وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے عوامی فلاحی منصوبوں پر وفد کو تفصیلی بریفنگ دی۔ بات چیت میں پنجاب گروتھ اسٹریٹجی کے تحت صحت، تعلیم، آئی ٹی اور انفراسٹرکچر کے منصوبے شامل تھے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر انٹرمیڈیٹ سٹیز امپرومنٹ اور جلالپور اریگیشن پراجیکٹ پر کام تیز کیا جا رہا ہے تاکہ شہری سہولیات میں بہتری اور زرعی ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔ اسی طرح ورک فورس ریڈینس پروگرام اور ایس ٹی ای ایم ایجوکیشن منصوبہ نوجوانوں کو روزگار اور جدید تعلیم کے نئے مواقع فراہم کر رہے ہیں۔ مزید برآں، کلائمیٹ ریزیلینٹ ایگریکلچر مکینائزیشن اور ڈریمز ون پراجیکٹ کے تحت ماحول دوست ترقی اور “گرین پنجاب” کے اہداف پر بھی کام جاری ہے۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کے ساتھ سات ترقیاتی منصوبے جاری ہیں جبکہ مزید تین کی جلد منظوری متوقع ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز عوامی فلاحی منصوبوں کو ہر صورت عملی شکل دینے کے لیے پرعزم ہیں۔ پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان پائیدار ترقی کے لیے تعاون میں مزید اضافہ ہوگا۔ اس موقع پر مریم اورنگزیب نے وفد کے اعزاز میں خصوصی عشائیہ بھی دیا۔