اسلام آباد: 11 اگست(اے پی پی ): چیئرمین سی ڈی اے اور چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی ہدایت پر سی ڈی اے کے سپورٹس اینڈ کلچر ڈائریکٹوریٹ کے زیر اہتمام آج ملٹی پرپز گراؤنڈ اسلام آباد میں پیڈل ٹینس ٹورنامنٹ کا شاندار آغاز ہوا جس میں چیئرمین سی ڈی اے سمیت شہر بھر سے کھلاڑیوں اور کھیل کے شائقین نے بھرپور شرکت کی۔
اس مقابلے کا مقصد شہریوں کو صحت مند تفریحی مواقع فراہم کرنا اور کھیلوں کے فروغ کو یقینی بنانا تھا۔پیڈل ٹینس ٹورنامنٹ میں مختلف ٹیمز حصہ لے رہے ہیں اور اس ٹورنامنٹ کو مختلف کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا ہے جس میں بچوں، بڑے اور سنئیر سٹیزینز کو مختلف کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا ہے۔
چیئرمین سی ڈی اے اور چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
اپنے خطاب میں چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ کھیل نہ صرف جسمانی صحت کیلئے ضروری ہیں بلکہ یہ معاشرتی ہم آہنگی اور کمیونٹی اسپرٹ کو بھی فروغ دیتے ہیں۔“کھیل کسی بھی معاشرے کی زندگی کا لازمی حصہ ہیں۔
چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ سی ڈی اے اسلام آباد میں صحت مند اور فعال طرزِ زندگی کے فروغ کیلئے کھیلوں اور تفریحی سہولیات کو مزید بہتر بنانے کے لیے پرعزم ہےاور کہا کہ سی ڈی اے مختلف سیکٹروں میں کھیلوں کے انفراسٹرکچر کو وسعت دے رہا ہے تاکہ ٹینس کورٹس، واکنگ ٹریکس اور پارکس جیسی سہولیات ہر شہری کو دستیاب ہوں۔ چیئرمین نے سی ڈی اے کے اسپورٹس اینڈ کلچر وِنگ کی کاوشوں کو سراہا اور شہریوں پر زور دیا کہ وہ آئندہ بھی ایسی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لیں۔
تقریب کے اختتام پر چیئرمین سی ڈی اے نے جیتنے والے کھلاڑیوں اور دیگر شرکاء میں ٹرافیاں اور اسناد تقسیم کیں۔ خوشگوار ماحول اور عوامی جوش و خروش نے یہ ثابت کیا کہ اسلام آباد میں کھیلوں کی سرگرمیوں کا رجحان تیزی سے بڑھ رہا ہے۔