اسلام آباد ،12 اگست ( اے پی پی ): صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف نے ایوانِ صدر میں ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں اقلیتی حقوق کے تحفظ، مذہبی رواداری کے فروغ اور بین المذاہب ہم آہنگی کے موضوعات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر صدر مملکت نے اقلیتی عبادت گاہوں کو غیر قانونی قبضوں سے واگزار کرانے کے لیے مؤثر اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے وزارتِ مذہبی امور کی اقلیتی برادری کے حقوق کے تحفظ اور بہبود کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔
وفاقی وزیر سردار محمد یوسف نے صدر کو وزارت کی کارکردگی سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ اقلیتی فلاحی فنڈ کے تحت 2 ہزار 236 طلبہ کو مجموعی طور پر 6 کروڑ روپے کے وظائف دیے گئے ہیں، جبکہ ایک ہزار 231 مستحق افراد کو مالی امداد فراہم کی گئی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ملک بھر میں 32 اقلیتی عبادت گاہوں کی مرمت اور تزئین و آرائش کے لیے 4 کروڑ 50 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ وفاقی وزیر نے آگاہ کیا کہ بیساکھی، گورو نانک دیو جی کی سالگرہ، کٹاس راج اور سادھو بیلا سمیت مختلف مذہبی تقریبات کے موقع پر اقلیتوں کو مفت سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
اس کے علاوہ انہوں نے بتایا کہ انگیز تقاریر کی روک تھام کے لیے مختلف مذاہب کے علما سے باقاعدہ مشاورت کی جاتی ہے تاکہ معاشرے میں بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دیا جا سکے۔
وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نے اقلیتی برادری کے مسائل کے حل اور ان کے حقوق کے فروغ میں ذاتی دلچسپی اور تعاون پر صدر آصف علی زرداری کا شکریہ بھی ادا کیا۔











