شجاع آباد؛ “معرکۂ حق”کے عنوان سے تقریبات کا آغاز

19

ملتان، 04 اگست(اے پی پی): حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق تحصیل شجاع آباد میں 1 اگست سے 14 اگست تک “معرکۂ حق” کے عنوان سے تقریبات کا آغاز ہو گیا ہے۔ اس سلسلے میں آج اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ آفس میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔اسسٹنٹ کمشنر شجاع آباد سیدہ حمیرا شاہ نے تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے قومی پرچم کشائی کی اور یومِ آزادی کی مناسبت سے کیک کاٹا۔تقریب کے دوران وطن عزیز سے محبت کے جذبے کو فروغ دینے کے لیے شجر کاری بھی کی گئی۔

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ یہ تقریبات ہماری قومی تاریخ، قربانیوں اور جذبۂ آزادی کی یاد تازہ کرنے کا ذریعہ ہیں۔ ان کا مقصد نوجوان نسل میں حب الوطنی، اتحاد اور یکجہتی کو فروغ دینا ہے۔

“معرکۂ حق” تقریبات میں مختلف سرکاری و نجی ادارے اور تعلیمی ادارے بھرپور حصہ لیں گے، جبکہ مختلف مقامات پر تقریبات، ریلیاں، مباحثے، تقاریر، اور ثقافتی سرگرمیاں بھی منعقد کی جائیں گی۔