اسلام آباد، 12 اگست ( اے پی پی): پاکستان میں مراکش کے سفیر محمد کارمون نے ایوانِ صدر میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، باہمی تعاون اور اہم علاقائی و بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان اور مراکش کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات مشترکہ عقیدے، اقدار اور باہمی احترام پر مبنی ہیں۔
صدرِ مملکت نے کہا کہ پاکستان، مراکش کے ساتھ مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے معاشی شراکت داری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور دیگر شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
صدرِ مملکت نے 2022 کے تباہ کن سیلاب کے دوران پاکستان کی امداد پر مراکش کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔











