اسلام آباد، 11 اگست ( اےپی پی): صدر آصف علی زرداری نے اقلیتوں کے دن پر خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اقلیتوں نے پاکستان کی ترقی، استحکام اور قومی یکجہتی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے ۔ قائداعظم محمد علی جناح کا وژن مساوات، رواداری، بھائی چارے اور مذہبی ہم آہنگی پر مبنی پاکستان کا قیام تھا ۔اسلام کا پیغام امن، انصاف، رواداری اور انسانی وقار کی حفاظت ہے۔
میثاقِ مدینہ تمام شہریوں کو مساوی حقوق دینے کی روشن اور تاریخی مثال ہے ۔ آئینِ پاکستان اقلیتوں کے بنیادی حقوق اور ان کے تحفظ کی مکمل ضمانت دیتا ہے ۔ ہم ہر قسم کے امتیاز، انتہاپسندی اور تشدد کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں ۔ پارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلیوں میں اقلیتوں کے لیے مخصوص نشستیں ان کی سیاسی شمولیت کو یقینی بناتی ہیں۔ سرکاری ملازمتوں میں اقلیتوں کے لیے 5 فیصد کوٹہ مخصوص کیا گیا ہے ۔ اقلیتی طلبہ کو پرائمری سے اعلیٰ تعلیم تک اسکالرشپس فراہم کی جا رہی ہیں ۔ حکومت کی بین المذاہب ہم آہنگی کی پالیسی قومی اتحاد اور یکجہتی کو فروغ دیتی ہے۔ صدرِ پاکستان نے یقین دلایا کہ اقلیتوں کی عبادت گاہیں قابضین سے واپس لے کر اصل منتظمین کو دی جائیں گی۔
صدر آصف علی زرداری نے مزید کہا کہ تمام شہریوں کو مذہب سے بالاتر ہو کر مساوی مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ ہم ایک جامع، مضبوط اور باہمی احترام پر مبنی پاکستان کی تعمیر کریں گے ۔ہم متحد ہو کر ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہوں گے ۔ اس موقع پر اقلیتی رہنماؤں نے 11 اگست کو قومی اقلیتی دن قرار دینے پر صدرمملکت کا شکریہ ادا کیا-











