اسلام آباد،11اگست (اے پی پی):قومی اسمبلی نے 1500ویں عیدمیلاد النبیﷺ کو بھرپور انداز میں منانے اور قائداعظم محمد علی جناح کی 11اگست 1947 کی اقلیتوں کے حوالہ سے قانون ساز اسمبلی میں تقریر کو نصاب کا حصہ بنانے کی الگ الگ دو قراردادیں منظور کر لیں۔
قومی اسمبلی میں بروز پیر اقلیتوں کے عالمی دن کی مناسبت سے نوید عامر جیوا نے پرائیویٹ ممبر قرارداد کے لئے رولز معطل کرنے کی تحریک پیش کی جس کی منظوری کے بعد انہوں نے قرارداد ایوان میں پیش کی جس میں کہاگیا کہ 11 اگست 1947 میں قائد اعظم کی قانون ساز اسمبلی میں تقریر کو نصاب کا حصہ بنایا جائے جس میں کہا گیا تھا کہ آپ سب آزاد ہیں، آپ اپنی عبادت گاہوں میں جانے کیلئے آزاد ہیں، آپ کا تعلق کسی بھی مذہب ، ذات یا عقیدے سے ہو ریاست کو اس سے کوئی سروکار نہیں، مذہب ہر فرد کا ذاتی فعل ہے، ریاست کیلئے ہر فرد برابر کا شہری ہو گا۔ ڈپٹی سپیکر نے قرارداد ایوان میں پیش کی جس کی ایوان نے متفقہ منظوری دے دی۔پیر فضل شاہ جیلانی نے قرارداد پیش کی کہ 1500 ویں عیدمیلاد النبیﷺ کی تاریخی اہمیت کے پیش نظر یہ قرارداد پیش کرتا ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں اس موقع پر اعلیٰ سطح پر قومی پروگرام ،میلاد کی محافل، سرکاری و نیم سرکاری عمارتوں پر چراغاں اور سجاوٹ کے ذریعے منائے، تمام ادارے اس میں بھرپور شرکت کرتے ہوئے حضرت محمدمصطفیٰﷺ کی تعلیمات کو مدنظر رکھتے ہوئے امن ، رواداری اور اخوت کو فروغ دیں، یہ ایوان نبی کریم ﷺ کی سنت و سیرت پر عمل کے عزم کا اظہار کرتا ہے،پوری قوم سے اپیل ہے کہ اس بابرکت موقع کو نہایت عقیدت و احترام کےساتھ منایا جائے۔ ڈپٹی سپیکر نے قرارداد ایوان میں پیش کی جس کی ایوان نے منظوری دے دی۔











