صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ کی زیر صدارت اجلاس

54

لاہور، 9 اگست (اے پی پی):صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ کی زیر صدارت ہونے والے اہم اجلاس میں پنجاب حکومت نے “سڑکیں بحال، پنجاب خوشحال” پروگرام کا دائرہ گاؤں کی سطح تک وسیع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس منصوبے میں شہروں کی 12 فٹ چوڑی سڑکوں کو بھی شامل کیا گیا ہے، جبکہ 126 ارب روپے کی لاگت سے صوبے بھر میں سڑکوں کی بحالی و مرمت کا آغاز کیا جائے گا۔ اجلاس میں صوبے بھر کی سڑکوں کی بحالی کی 1942 اسکیموں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، جن کے تحت 4903 کلومیٹر طویل سڑکوں کی تعمیر و مرمت کی جائے گی، جبکہ کچے راستوں کو کارپٹ یا ٹی ایس ٹی کیا جائے گا۔ ملک صہیب احمد بھرتھ نے کہا کہ صوبے بھر میں ریکارڈ ترقیاتی کام جاری ہیں اور گاؤں کی سطح پر جا کر شاہراہوں کو بحال کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا عزم شہریوں کو بہترین سفری سہولیات فراہم کرنا ہے اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اس منصوبے کے لیے مکمل سپورٹ فراہم کر رہی ہیں۔ یہ اقدام پنجاب کے ہر شہری کو معیاری اور محفوظ سفری سہولیات فراہم کرنے کی جانب ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔