لاہور، 6 اگست (اے پی پی): صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے علامہ اقبال میڈیکل کالج میں “کیئر کونیکٹ پراجیکٹ” کا باضابطہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں طبی ماہرین، اساتذہ اور طلباء و طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب میں سابق وزیر صحت پروفیسر جاوید اکرم، پروفیسر محمود شوکت، پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج پروفیسر طیبہ وسیم، ایم ایس جناح ہسپتال ڈاکٹر سید محسن علی شاہ، پروفیسر اشرف ضیاء، پروفیسر خالد محمود، پروفیسر شاہد سرور سمیت دیگر معزز شخصیات شریک ہوئیں۔ وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز، پروفیسر احسن وحید راٹھور نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ تقریب کے اختتام پر صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق نے پراجیکٹ کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرنے والے طلباء و طالبات کو یادگاری شیلڈز سے نوازا۔ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ سلمان رفیق نے پرنسپل پروفیسر طیبہ وسیم کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ انڈر گریجویٹ سطح پر اس نوعیت کا پروگرام شروع کرنا ایک مثبت قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق مریضوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے، اور ہسپتالوں میں پیشنٹ کیئر کو مزید بہتر بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ سابق وزیر صحت پروفیسر جاوید اکرم نے کہا کہ جو لوگ دیانت داری سے کام کرتے ہیں وہ کبھی مشکلات سے نہیں گھبراتے، اور مریضوں کی دعائیں ان کے لیے سب سے بڑی کامیابی ہوتی ہیں۔ انہوں نے “کیئر کونیکٹ” پراجیکٹ کو بہترین قدم قرار دیا۔ پروفیسر محمود شوکت نے بھی پراجیکٹ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک عمدہ اور وقت کی ضرورت کے مطابق منصوبہ ہے۔ پرنسپل پروفیسر طیبہ وسیم نے کہا کہ ڈاکٹر کا مثبت رویہ ہی مریض کی آدھی بیماری دور کر دیتا ہے، اور “کیئر کونیکٹ” پراجیکٹ کا مقصد بھی مریضوں کو بہتر سروسز فراہم کرنا ہے۔











