لاہور، 15 اگست (اے پی پی): صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں نواز شریف میڈیکل ڈسٹرکٹ کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وڈیو لنک کے ذریعے ڈاکٹر عدنان خان، چیئرمین وزیر اعلیٰ پنجاب ایڈوائزری کمیٹی برائے امراض قلب ڈاکٹر فرق عالمگیر، وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز پروفیسر احسن وحید رٹھور، وائس چانسلر راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر محمد عمر نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران نواز شریف میڈیکل ڈسٹرکٹ کے منصوبے کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق حکومت صحت کے شعبہ میں اربوں روپے کے انقلابی اور تاریخی اقدامات اٹھا رہی ہے۔ نواز شریف میڈیکل ڈسٹرکٹ پراجیکٹ کے تحت لاہور میں چلڈرن ہسپتال 2 اینڈ انسٹی ٹیوٹ آف جنیٹک اینڈ بلڈ ڈیزیزز، انسٹی ٹیوٹ آف سرجیکل، آرتھوپیڈک اینڈ میڈیکل ری ہیبلی ٹیشن، سنٹر آف ایکسی لینس فار نرسنگ ایجوکیشن، اسپیشلائزڈ میڈیکل ہسپتال، کارڈیک ہسپتال، میڈیکل یونیورسٹی اور اسٹیٹ آف دی آرٹ ڈائیگناسٹک لیب قائم کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئی ڈیپ کو ہدایت کی گئی ہے کہ صحت کے تمام نئے منصوبوں پر تیزی سے کام شروع کیا جائے۔ حکومت پنجاب صوبہ بھر میں نئے سرکاری ہسپتالوں کا جال بچھا رہی ہے تاکہ عوام کو ان کی دہلیز پر بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں، جو وزیر اعلیٰ پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ مریم نواز شریف چاہتی ہیں کہ صحت کی سہولیات میں کسی کو کسی قسم کی دشواری نہ ہو۔ سیکرٹری اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن عظمت محمود خان نے کہا کہ متعلقہ افسران نواز شریف میڈیکل ڈسٹرکٹ پراجیکٹ کی مسلسل مانیٹرنگ کر رہے ہیں تاکہ منصوبہ بروقت مکمل ہو سکے۔











