لاہور، 28 اگست (اے پی پی): وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبائی وزیر قانون ملک صہیب احمد بھرتھ نے لاہور، پسرور، وزیرآباد اور نارووال کے مختلف سیلاب متاثرہ علاقوں کا الصبح دورہ کیا اور صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔ صوبائی وزیر نے لاہور میں دریائے راوی کے پانی کی صورتحال اور پسرور میں نالہ ڈیک کے سیلابی پانی سے زیر آب آنے والی شاہراہ کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کے افسران نے انہیں متبادل راستوں اور ٹریفک پلان بارے بریفنگ دی۔ ملک صہیب احمد بھرتھ نے کہا کہ سیلاب سے بچاؤ اور متاثرین کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ، پولیس، ریسکیو، سول ڈیفنس، ہائی وے اور انہار سمیت تمام محکمے مربوط انداز میں فیلڈ میں موجود ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز، وزراء اور ارکان اسمبلی خود متاثرہ علاقوں میں موجود ہیں اور عوام کی مدد کے لیے سرگرم ہیں۔ پنجاب حکومت متاثرہ شاہراہوں کی فوری مرمت اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنا رہی ہے۔