لاہور، 28 اگست (اے پی پی): صوبائی وزیر لیبر و افرادی قوت ملک فیصل ایوب کھوکھر کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں راشن کارڈ کی تقسیم، لیبر کالونیوں کی تعمیر، سوشل سیکورٹی ریکوری اور سکول و ہسپتالوں کی سولرائزیشن کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سیکرٹری لیبر نعیم غوث، کمشنر پیسی محمد علی، ڈی جی لیبر و ویلفیئر کلثوم ہئی اور دیگر افسران شریک ہوئے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ دو لاکھ سے زائد رجسٹرڈ ورکرز میں راشن کارڈ تقسیم کیے جاچکے ہیں جبکہ اگلے چھ ماہ میں یہ عمل مکمل کر لیا جائے گا۔ مزید بتایا گیا کہ پیسی سوشل سیکورٹی نے تاریخی 31 ارب روپے سے زائد ریکوری کی ہے، جبکہ سولرائزیشن منصوبے کے تحت لاہور، فیصل آباد، ملتان، سیالکوٹ اور گجرات کے سوشل سیکورٹی ہسپتالوں پر سولر پینلز نصب کیے جا رہے ہیں۔ ورکرز ویلفیئر فنڈز کے سکولوں کو بھی سولر پر منتقل کرنے کے لیے 204 ملین روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ لیبر کالونیوں کی تعمیر میں معیاری میٹریل استعمال ہو رہا ہے اور انہیں سطح زمین سے بلند بنا کر محفوظ رکھا جا رہا ہے۔ شیر بنگال اور سیالکوٹ لیبر کالونیوں میں سیلابی صورتحال پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔ وزیر محنت فیصل ایوب کھوکھر نے کہا کہ ورکرز اور ان کے خاندانوں کی فلاح و بہبود کے لیے تاریخی اقدامات کیے جا رہے ہیں، سیلاب متاثرہ ورکرز کو تنہا نہیں چھوڑیں گے اور تمام سوشل سیکورٹی ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔