صوبائی وزیر کھیل و لیبر ملک فیصل ایوب کھوکھر کا سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ، متاثرین میں راشن کی تقسیم

3

لاہور, 31 اگست (اے پی پی): صوبائی وزیر کھیل و لیبر ملک فیصل ایوب کھوکھر نے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔ ان کے ہمراہ ایم این اے ملک افضل کھوکھر اور ایم پی اے عنبرین اسماعیل کھوکھر بھی شریک تھے۔
ملک فیصل ایوب کھوکھر کی زیر نگرانی مراکہ، ملتان روڈ اور خودپور میں قائم ریلیف کیمپس میں سیلاب متاثرین میں راشن تقسیم کیا گیا۔ صوبائی وزیر اور دیگر نمائندگان کشتیوں پر سوار ہوکر متاثرین تک پہنچے اور امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔
فیصل ایوب کھوکھر نے کہا کہ متاثرہ خاندانوں تک راشن اور امدادی سامان کی ترسیل یقینی بنائی جا رہی ہے۔ دکھی انسانیت کی خدمت سب پر فرض ہے اور مصیبت کی اس گھڑی میں سیلاب متاثرین کے ساتھ کھڑا ہونا سب کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاک فوج سمیت تمام ادارے بہترین خدمات سر انجام دے رہے ہیں جبکہ متاثرین کو کھانے پینے، رہائش اور علاج کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ حکومتی نمائندگان ہر دیہات اور قصبے تک پہنچ رہے ہیں اور حکومت پنجاب اپنی مصیبت زدہ عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔
صوبائی وزیر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بڑھ چڑھ کر سیلاب متاثرین کی مدد کریں۔ انھوں نے کہا کہ “مصیبت کی گھڑی میں عوامی تعاون ہی سب سے بڑی طاقت ہے”۔