ضلع کرم میں یومِ شہدائے پولیس عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے

14

ضلع کرم، 04 اگست(اے پی پی ):  خیبرپختونخوا کے دیگر اضلاع کی طرح ضلع کرم میں بھی یومِ شہدائے پولیس  عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے۔

 اس سلسلے میں آج ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کرم ملک حبیب خان نے شہید ہیڈ کانسٹیبل سید امجد حسین کی قبر پر خصوصی حاضری دی، جہاں چاق و چوبند پولیس دستے نے سلامی پیش کی، پھولوں کی چادر چڑھائی گئی، اور شہید کے بلند درجات کے لیے فاتحہ خوانی اور خصوصی دعائیں کی گئیں۔

اس موقع پر ڈی پی او کرم ملک حبیب خان نے شہید کے بچوں اور دیگر لواحقین سے ملاقات کی اور ان سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے گھر گئے۔ڈی پی او کرم نے کہا کہ کرم پولیس کے شہداء ہمارے لیے مشعلِ راہ ہیں، جن کی عظیم قربانیوں کی بدولت آج الحمدللہ علاقے میں پُرامن فضا قائم ہے اگر مستقبل میں بھی اس دھرتی کو ہماری ضرورت پڑی، تو ہم کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

ڈی پی او کرم ملک حبیب خان نے شہداء کے لواحقین سے اپنے پیغام میں کہا کہ پولیس کے ان جانبازوں نے ملک میں قیامِ امن کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا جن کی لازوال قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔

 انہوں نے مزید کہا کہ شہداء کے اہلِ خانہ خود کو تنہا نہ سمجھیں، پوری پولیس فورس ان کے ساتھ ہے آج مملکتِ خداداد پاکستان میں جو امن قائم ہے وہ انہی شہداء کی قربانیوں کا نتیجہ ہے جنہیں ہم کبھی فراموش نہیں کریں گے۔

اس موقع پر ایس پی آپریشن محمد عباس، او اے ایس آئی واجد حسین اور لائن آفیسر اقرار حسین بھی ان کے ہمراہ تھے۔