عشرہ رحمت للعالمینﷺ قومی و صوبائی سطح پر شایان طریقے سے منایا جائے گا، وفاقی وزیر مذہبی سردار محمد یوسف

71

اسلام آباد، 25 اگست(اے پی پی): وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے کہا کہ وفاقی وزیر مذہبی امور نے کہا کہ عشرہ رحمت للعالمینﷺ یکم تا 12 ربیع الاوّل ،قومی و صوبائی سطح پر شایان طریقے سے منایا جائے گا۔

وفاقی وزیر نے آمد ربیع الاوّل اور وزارت کی دیگر سرگرمیوں کے حوالے سے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قومی اسمبلی اور سینیٹ سے پاس شدہ قرار دادوں کی روشنی میں ملک گیر سیرت محافل  کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔

انھوں نے کہا کہ 1500 ویں سالِ  ولادت کے تناظر میں صوبائی اور لوکل حکومتیں نوجوان نسل کو سیرت ِ نبویﷺ سے آگاہی دیں گی، وزارت ِ مذہبی امور اسلام آباد میں 50 ویں بین الاقوامی سیرت النبیﷺ کانفرنس کا انعقاد کر رہی ہے، جس کا موضوع‘‘ سوشل میڈیا کے مفید استعمال کی تعلیم و تربیت میں ریاستی ذمہ داریاں سیرت النبیﷺ کی روشنی میں’’ رکھا گیا ہے۔ جبکہ قومی محفل نعت کا انعقاد کیا جائے گا۔وزارت نے اس سلسلے میں ایک جامع پروگرام ترتیب دیا ہے، عشرہ منانے کا مقصد یہ ہے کہ سیرت طیبہ ﷺ پر تفصیلی  گفتگو ہو اور نوجوانوں کو آگہی میسر آئے، سرکاری و نجی سکولوں ، کالج اور یونیورسٹیوں  میں عشرہ رحمت للعالمین ﷺ  کے تحت پروگرام منعقد کیے جائیں۔

انھوں نے کہا کہ، سیرت النبی ﷺ کی روشنی میں دور حاضر کے مسائل کے حل کے لیے مل کر کوشش  کرنا ہو گی، ہمیں موجودہ دور میں اپنی تعلیم، معیشت ، سماجی اقدار کو متاثر  ہونے سے بچانا ہے۔وزارت مذہبی امور کیساتھ مل کر چاروں صوبوں بشمول کشمیر و گلگت بلتستان میں تقاریب منعقد ہونگی,ان تقاریب سے امن، محبت اور رواداری کا پیغام دیا جائیگا۔ان تقاریب سے سوشل میڈیا کے مثبت استعمال سمیت دیگر امور پر رہنمائی فراہم کی جائیگی۔