اسلام آباد، 7 اگست ( ا پی پی ): وزیراعظم کے مشیر برائے بین الصوبائی رابطہ رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ فضائی رابطوں اور دیگر اقدامات سے ملک میں سیاحت کا فروغ ممکن ہو گا۔
ورلڈ ایوی ایشن ڈے کے موقع پر “ایوی ایشن سیکٹر کی ترقی اور سیاحت” کے عنوان سے اہم اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناءاللہ نے کہا کہ ہوابازی سیاحت کی لائف لائن ہے۔پاکستان کی قدرتی خوبصورتی، ثقافتی ورثہ اور مہمان نوازی سیاحوں کے لئے پرکشش ہے۔
وفاقی مشیر نے گرین ٹورازم کی کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ سفارشات وزیراعظم کو پیش کی جائیں گی اور تین ماہ میں ان پر عملدرآمد کا جائزہ لیا جائے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ قومی سرمایہ کاری فورمز میں ایوی ایشن کو شامل کیا جائے اور لائسنسنگ اصلاحات میں تیزی لائی جائے تاکہ ملک میں سیاحت کو فروغ اور ترقی ملے۔
اجلاس میں وفاقی سیکرٹری برائے بین الصوبائی رابطہ، محی الدین احمد وانی نے سیاحت کے فروغ میں ایوی ایشن کے اہم کردار پر روشنی ڈالی اور کلیدی اسٹیک ہولڈرز کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنے کے لیے گرین ٹورازم کی کوششوں کو سراہا۔
اجلاس میں شمالی علاقوں کے لیے اونچی پرواز کرنے والے ہیلی کاپٹرز، سکردو اور چترال ایئرپورٹس کی سہولیات میں بہتری، پروازوں سے متعلق بروقت معلومات، اور لائسنسنگ میں تاخیر جیسے مسائل زیرِ بحث آئے۔ نجی شعبے نے سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا اور بہتر سہولت کاری کا مطالبہ کیا۔
شرکاء نے آپریشنز اور سرمایہ کاری پر مشتمل ایوی ایشن ورکنگ گروپس کے قیام پر اتفاق کیا، تاکہ بنیادی ڈھانچے، پالیسی، اور رابطہ کاری میں بہتری لا کر پاکستان کی سیاحت کو فروغ دیا جا سکے۔











