اسپیکر سردار ایاز صادق کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس

21

اسلام آباد ، 7اگست(اے پی پی):قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر  سردار ایاز صادق کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاوس میں منعقد ہوا۔ قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئی وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے ایوان کو آگاہ کیا کہ 5 اگست کو یوم استحصال کشمیر کا دن منایا جا رہا تھا اور یقینا ایک موضوع  تھا اور کشمیر کے معاملے پہ کسی قسم کی کوئی گڑبڑ کوئی دہشت گردی کے امکانات بڑھ جاتے ہیں – جس کی وجہ سے  پارلیمنٹ کے لئے سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے گئے۔

قومی اسمبلی کو آج بتایا گیا کہ امریکہ کے ساتھ حالیہ تجارتی معاہدے سے پاکستان کی برآمدات میں اضافہ ہوگا اور معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے وقفہ سوالات کے دوران ایوان کو بتایا کہ پاکستان کےلیےانیس فیصد ٹیرف کی شرح جنوب ایشیائی خطے میں سب سے کم ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومتی کوششوں کے نتیجے میں امریکہ کے ساتھ دو طرفہ تعلقات مضبوط ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے سماجی بہبود کے پروگراموں کے لیے فنڈنگ کو بڑھا کر کم آمدنی والے خاندانوں کی مدد میں اضافہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے لیے مجموعی طور پر 716 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں جو گزشتہ سال کی نسبت اکیس فیصد زائد ہیں۔

پارلیمانی سیکرٹری برائے تعلیم فرح ناز اکبر نے ایوان کو بتایا کہ قومی تعلیمی نظام کو جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ ہم آہنگ کرنے کے لیے متعدد اقدامات کیے گئے ہیں۔

ایک توجہ دلاؤ نوٹس کے جواب میں صحت کی پارلیمانی سیکرٹری نیلسن عظیم نے کہا کہ ملک میں انسولین اور کینسر کی دواؤں سمیت زندگی بچانے والی ادویات کی کوئی کمی نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان ادویات کی قیمتوں میں کوئی اضافہ بھی نہیں ہوا ہے۔قومی اسمبلی کا اجلاس کل صبح 11 بجے تک کے لئے ملتوی کر دیا گیا ہے۔