فیصل آباد،05 اگست (اے پی پی):یوم استحصال کشمیر پر فیصل آباد کے شہری بھی مظلوم بھائیوں سے یکجہتی کیلئے یک زبان ہوگئے۔
اس موقع پرکشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے سیمینار اورریلی کا انعقاد کیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر کیپٹن(ر)ندیم ناصر نے سیمینار اور آگاہی ریلی کی قیادت کی جبکہ تقریب و ریلی میں سابق ایم این اے حاجی اکرم انصاری،سابق ایم پی اے شیخ اعجاز،مسلم لیگ ن کے رہنما راجہ دانیال، عمر خان و دیگر افسران،ملازمین،سول سوسائٹی،اور شہریوں کی بڑی تعداد بھی موجودتھی۔
حکومت پنجاب کی ہدایت پر مظلوم کشمیری بھائیوں سے یکجہتی کیلئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ سکولوں کے طلبہ نے ٹیبلوز کے ذریعے بھارتی مظالم اور کشمیری بھائیوں کی جدوجہد آزادی کو اجاگر کیا۔
سائرن بجا کر قومی ترانے کی دھن پر کشمیری بھائیوں کو بھرپور یکجہتی کا پیغام دیا گیااورایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔
ڈپٹی کمشنر نے اپنے خطاب میں کہا کہ حق خودارادیت کی جدوجہد میں کشمیری بہن بھائیوں کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔پانچ اگست 2019سے بھارتی مظالم میں بے تحاشہ اضافے کے باوجود کشمیریوں کا حوصلہ اور ہمت قابل تحسین ہے۔
سابق ایم این اے حاجی اکرم انصاری نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظاہرین پر عالمی برادری کی بے حسی قابل مذمت ہے۔ کشمیری بہن بھائیوں پرآزادی کا سورج جلد طلوع ہوگا۔
شرکاء نے مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے۔
مقررین نے کہا کہ آج کے دن بھارت نے غیر قانونی طورپر مقبوضہ جموں و کشمیر کی حیثیت تبدیل کر کے انسانی حقوق کو پامال کیا۔انہوں نے کہا کہ مودی نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بربریت کا بازار گرم کر رکھا، کشمیریوں پر انسانیت سوز مظالم پربے حسی عالمی برادری کے خلاف چارج شیٹ ہے۔
سیمینار کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر کی قیادت میں میونسپل کارپوریشن سے واک کا بھی انعقاد کیا گیا۔اس موقع پرشہر بھر میں قومی پرچم،کشمیرکے جھنڈے اور یکجہتی کشمیر پر مبنی پینافلیکسز آویزاں کئے گئے۔