قصور،14اگست (اے پی پی): جشن آزادی کی مرکزی تقریب بلدیہ چوک پارک قصورمیں منعقدہوئی جس میں قائمقام گورنرپنجاب ملک محمداحمدخاں نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔گھڑی کی ٹک ٹک نے جونہی 12بجائے خاموشی اختیارکی گئی پھر آسمان خوبصورت رنگوں سے بھرگیا، گورنرپنجاب کی موجودگی میں آتشبازی کا شاندارمظاہرہ کیاگیا، فضاء پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونجتی رہی، گورنرپنجاب ملک محمداحمدخاں نے جشن آزادی کا کیک بھی کاٹا۔
تقریب میں ونگ کمانڈررینجرکرنل علی ہادی، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی میاں سعدوسیم شیخ، ملک احمدسعیدخاں، حاجی نعیم صفدرانصاری، صفیہ سعید،ڈپٹی کمشنرقصور عمران علی،ڈی پی اوقصور عیسیٰ خاں،ضلعی انتظامیہ کے افسران،سول سوسائٹی، صحافی،وکلاء وعوام کی کثیرتعدادبھی موجودتھی۔
اس موقع پرقائمقام گورنرپنجاب ملک محمداحمدخاں نے جشن آزادی کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج میں آپ سب کو 78 واں یوم آزادی پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، آج کا دن میں فخر سے سر اٹھا کرسربلندہوکر اقوام عالم میں چل رہا ہوں،اس میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان کے حصول کی خاطر بے شمارقربانیاں دی گئی،لاکھوں عصمتِ لوٹی گئی،لاکھوں گھربربادہوئے،لوگ جلاوطن ہوئے،اپنے گھروں کو چھوڑ کر ایک سوچ کے پیچھے، ایک نظریئے کے پیچھے‘ایک مقصدکے پیچھے،ایک منزل کے پیچھے‘جوق درجوق چلے، کٹے پھٹے کپڑے تھے،تن بدن دونوں لہولہان تھے، پیروں میں خاک تھی اورقافلے رواں دواں تھے،سب ایک ہی نعرہ لگاتے پاکستان کا مطلب کیالاالہ اللہ۔ اِس پکارمیں سب چلے چلے جارہے ہیں۔
ملک محمداحمدخاں نے کہا کہ دنیاکی تاریخ میں اِس سے بڑی کوئی ہجرت نہیں ہوئی اوردنیاکی تاریخ میں کسی بھی ملک کے قیام کے پیچھے اتنی قتل و غارت نہیں کی گئی، دنیاکی تاریخ میں اِس سے بڑی نقل مکانی نہیں کی گئی اوردنیاکی تاریخ میں نظریئے پر بننے والی واحدمملکت خدادادجس کا مقصد یہ تھاکہ پاکستان کا مطلب کیالاالہ اللہ۔لاکھوں قربانیوں کے بعدپاکستان کو حاصل کیاگیا۔
ملک محمداحمدخاں نے کہا کہ میں سمجھتاہوں کہ یہ پاکستانی قوم بڑی بہادر قوم ہے جس نے دنیاکا مقابلہ کیاہے،مشکلات کامقابلہ کیاہے‘قیام پاکستان سے لیکر آج تک ملک پاکستان کیخلاف جو سازشیں کی گئی یہ پاکستانی قوم کا جذبہ ہے کہ ہر امتحان میں ہم لڑکرکامیاب ہوکر سرخروہوکرنکلے ہیں، دشمن جب اپنی طاقت کا غرور کر رہا تھا اسے تعداد پر بھروسہ تھا ہم نے اسے مات دی،دشمن ملک ہم پر دہشت گردی کا الزام لگایا ہم نے خود اسکا سامنا کیا،ہم نے 50 ہزار جوان شہید کروائے ہم نے دشمن کے دانت کھٹے کئے، آج دنیا میں پاکستان کی جنگی حکمت عملی کو سراہا جارہاہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے،میں آپ کو زندہ قوم ہونے پر مبارکباد دیتا ہوں،لوگوں کے جذبے کے پیچھے پاکستانیت ہے، آج آزادی کا دن ہے،فخر کا دن ہے آج گروہی لسانی، سیاسی نفرتوں کو بھلا کر امید بانٹنی ہے پاکستانی ہونے کا ثبوت دینا ہے،تجدید عہدوفاکرنا ہے۔











