لاہور میں پاکستان کی پہلی اربن الیکٹرک ٹرین “سپر اٹانومس ریپڈ ٹرانزٹ” کا آغاز، وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کا تجرباتی سفر

8

لاہور، 6 اگست (اے پی پی): لاہوریوں کے لیے خوشخبری، انتظار کی گھڑیاں ختم ہو گئیں۔ پاکستان کی پہلی اربن الیکٹرک ٹرین “سپر اٹانومس ریپڈ ٹرانزٹ (SRT)” کا آغاز ہو گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے علی ٹاؤن سے مسلم ٹاؤن تک ایس آر ٹی کا تجرباتی سفر خود کیا اور اس کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ نے نہ صرف ٹرین میں موجود سہولیات کا معائنہ کیا بلکہ عام ٹریفک کے درمیان ایس آر ٹی کی رننگ کو بھی مانیٹر کیا۔ اس موقع پر وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر نے منصوبے کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیر اعلیٰ نے SRT کے روڈ ٹیسٹ کی براہ راست نگرانی کرتے ہوئے اس جدید ٹرانسپورٹ سسٹم پر اطمینان کا اظہار کیا۔ رائیونڈ روڈ اور کینال روڈ پر شہریوں نے ایس آر ٹی کو سڑکوں پر چلتا دیکھ کر خوشی کا اظہار کیا۔ “سپر اٹانومس ریپڈ ٹرانزٹ” پہلے ہی ترکی، چین، ابوظہبی اور دیگر ممالک میں کامیابی سے چلائی جا رہی ہے۔ جدید ترین ٹیکنالوجی سے لیس اس ای ٹرین میں تین بوگیاں نصب کی گئی ہیں، جنہیں چار تک بڑھایا جا سکتا ہے، اور یہ ایک وقت میں 320 مسافروں کو سفری سہولت فراہم کر سکتی ہے۔ نورنکو انٹرنیشنل کی تیار کردہ یہ مکمل برقی ٹرین ایک بار چارج ہونے پر 40 کلومیٹر کا فاصلہ طے کر سکتی ہے۔ ٹرین میں ایئر کنڈیشننگ، آرام دہ نشستیں اور دیگر جدید سہولیات میسر ہوں گی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ ایس آر ٹی کے ذریعے لاہور کی خوبصورتی میں اضافہ ہوگا، ماحولیاتی آلودگی میں کمی آئے گی اور ٹریفک کا نظام بہتر ہوگا۔ انہوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے عوام کے لیے اب ہر روز ایک نئی خوشی کی خبر آتی ہے، جبکہ جلد ہی گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں بھی ایس آر ٹی کی خوشخبری دی جائے گی۔