متاثرہ علاقوں سے بروقت انخلا نہایت ضروری ہے تاکہ انسانی جانوں اور مال مویشی کو کسی بھی نقصان سے بچایا جا سکے ، ڈپٹی کمشنر لودھراں

4

لودھراں31،اگست ( اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر لودھراں ڈاکٹر لبنیٰ نذیر رات گئے اپنے انتظامی افسران کے ہمراہ سیلاب متاثرین کے انخلاء کے عمل کی براہِ راست نگرانی کرتی رہیں۔ انہوں نے بستی ڈیرا حویلی نصیر خان اور آدم واہن میں متاثرہ خاندانوں کو اپنی زیرنگرانی محفوظ مقامات پر منتقل کروایا۔ان کے ساتھ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سید وسیم حسن اور اسسٹنٹ کمشنرز اصغر لغاری، غلام مصطفیٰ اور ارم شہزادی بھی انخلا کے عمل میں سرگرم رہے۔ڈاکٹر لبنیٰ نذیر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر متاثرہ علاقوں سے بروقت انخلا نہایت ضروری ہے تاکہ انسانی جانوں اور مال مویشی کو کسی بھی نقصان سے بچایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ متاثرین کی تمام ضروریات پوری کرے گی اور کسی بھی لمحے ان کے اعتماد کو ٹھیس نہیں پہنچائی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ حالات کی نزاکت کو سمجھتے ہوئے متاثرہ افراد ازخود ریلیف کیمپس کا رخ کریں تاکہ انتظامیہ ان کی بہتر دیکھ بھال کر سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ متاثرین کے کھانے اور مال مویشی کے چارے کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے۔ڈاکٹر لبنیٰ نذیر نے خود موقع پر متاثرہ افراد اور ان کے مال مویشی کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی نگرانی کی اور گورنمنٹ کالج میں قائم فلڈ ریلیف کیمپ کا بھی معائنہ کی۔