ملتان:کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں سے صدر پریس کلب شکیل انجم کے ہمراہ سینئر صحافیوں کے وفدکی ملاقات

6

ملتان، 5اگست(اے پی پی):کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں سے صدر پریس کلب شکیل انجم کے ہمراہ سینئر صحافیوں کے وفد نے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں مقامی صحافیوں کو درپیش مسائل، پیشہ ورانہ چیلنجز، اور صحافت کے موجودہ و مستقبل کردار پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

صحافیوں نے کمشنر عامر کریم خاں کو آگاہ کیا کہ موجودہ دور میں میڈیا کو کئی سماجی، معاشی اور انتظامی مسائل کا سامنا ہے جن کے حل کیلئے انتظامیہ کا تعاون ناگزیر ہے۔ کمشنر ملتان عامر کریم خاں نے وفد کو یقین دلایا کہ صحافی برادری کے جائز مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔

ملاقات کے دوران مثبت صحافت کے فروغ اور زرد صحافت کے خاتمے کیلئے اجتماعی کوششوں پر زور دیا گیا۔ اس بات پر اتفاق رائے ہوا کہ بے بنیاد اور سنسنی خیز خبروں کی اشاعت نہ صرف صحافتی اقدار کو مجروح کرتی ہے بلکہ معاشرے میں بے یقینی کو جنم دیتی ہے۔ ایسی صحافت کی روک تھام میں صحافی برادری کا اپنا مؤثر کردار ہونا چاہیے۔

کمشنر عامر کریم خاں نے تجویز پیش کی گئی کہ پریس کلب کے زیر انتظام ایک ایسی کمیٹی تشکیل دی جائے جو کسی بھی غلط خبر کی اشاعت کی صورت میں خود احتسابی کا عمل اختیار کرے اور صحافتی ضابطہ اخلاق کی نگرانی کرے۔ اس کمیٹی کا مقصد صحافت میں شفافیت، سچائی اور پیشہ ورانہ دیانت کو فروغ دینا ہو گا۔

کمشنر ملتان  عامر کریم خاں نے صحافت کو معاشرے کا آئینہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ اور میڈیا کا باہمی ربط ہی بہتر طرز حکمرانی کی ضمانت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک باشعور اور ذمہ دار صحافت معاشرتی اصلاح کی بنیاد ہے اور انتظامیہ ایسے تمام اقدامات کی حمایت کرے گی جو عوامی فلاح، سچائی اور پیشہ ورانہ شفافیت کو فروغ دیں۔وفد میں پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے اسسٹنٹ سیکرٹری جمشید رضوانی ،صدر ملتان یونین آف جرنلسٹس ملک شہادت حسین ،جنرل سیکرٹری ملتان یونین آف جرنلسٹس مظہر خان ،صدر ایسوسی ایشن آف ٹی وی جرنلسٹس ملتان مہر عمران

جنرل سیکرٹری ایسوسی ایشن آف ٹی وی جرنلسٹس سید ماذن یوسف،رپورٹرز ایسوسی ایشن کے طاہر خان ،ینگ جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے آصف بلوچ، ایسوسی ایشن آف ینگ جرنلسٹس کے صدر جنید انورجاوید اقبال عنبر، عمیر علی خان، گوہر رحمان اعظم ملک، افتخار الحسن،احمر خان بابر شامل تھے۔