ملتان 26 اگست (اے پی پی):ضلعی انتظامیہ اور ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کی جانب سے ستھرا پنجاب مہم پر زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد جاری ہے۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر ملتان وسیم حامد سندھو نے شہر کے مختلف علاقوں کا اچانک دورہ کیا اور صفائی آپریشن کا معائنہ کیا۔
ڈپٹی کمشنر نے عملہ صفائی سے ملاقات کے ساتھ ساتھ شہریوں سے بھی صفائی کی صورتحال بارے دریافت کیا اور موقع پر ہی احکامات جاری کئے۔ ان کا کہنا تھا کہ ستھرا پنجاب مہم کے تحت رہائشی علاقوں میں موثر صفائی نظام کے نفاذ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
وسیم حامد سندھو نے پیدل چل کر گلی محلوں میں صفائی چیک کی اور شہریوں سے براہ راست ملاقات کی۔ انہوں نے ویسٹ منیجمنٹ کمپنی حکام کو ہدایت کی کہ نجی کنٹریکٹرز سے مثالی صفائی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے، بصورت دیگر کارروائی کی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر نے رہائشی علاقوں کو ترجیحی بنیادوں پر ویسٹ فری کرنے کا بھی الٹی میٹم دیا
ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا ستھرا پنجاب مہم پر خصوصی فوکس ہے اور عوام کو ریلیف دینے کیلئے دیہی و شہری علاقوں میں یکساں صفائی نظام نافذ کیا گیا ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ صفائی سے متعلق شکایات ہیلپ لائن 1139 پر درج کرائی جائیں۔