ملتان ، مرکزی میلاد کونسل کے وفد کی کمشنر ملتان عامر کریم خاں سے ملاقات، ربیع الاول انتظامات پر گفتگو

36

ملتان،6اگست(اے پی پی): مرکزی میلاد کونسل کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے معروف مذہبی اسکالر علامہ حافظ محمد فاروق خان سعیدی کی قیادت میں کمشنر ملتان عامر کریم خاں سے ملاقات کی۔ ملاقات میں ربیع الاول کے موقع پر نکالے جانے والے میلاد جلوسوں کے روٹس، محافل میلاد اور عوامی اجتماعات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

کمشنر عامر کریم خاں نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ہر مسلمان کی جذباتی وابستگی مسلمہ حقیقت ہے۔ ختم نبوتؐ کا عقیدہ اور حضور اکرمؐ سے محبت ہمارے ایمان کا لازمی جزو ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ ربیع الاول کے جلوسوں کے راستوں کی مرمت اور صفائی کے لیے تمام ضروری انتظامات کیے جائیں گے۔

وفد نے کمشنر کو ممتاز آباد کی تاریخی مسجد میں منعقد ہونے والے سالانہ کنونشن میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی دعوت دی۔ بتایا گیا کہ 1500ویں جشن ولادت رسول ﷺ کے سلسلے میں اجتماعات اور ایک بڑے کنونشن کا انعقاد کیا جائے گا جس میں ملک بھر سے ممتاز علمائے کرام اور مشائخ شرکت کریں گے۔

وفد میں علامہ مفتی محمد عثمان پسروری، محمد ایوب مغل، مظہر جاوید، قاضی محمد بشیر گولڑوی، محمد سلیم بلالی، ڈاکٹر صدیق خان قادری، وسیم ممتاز، علامہ شفیق اللہ بدری، علامہ رکن الدین قادری، علامہ طارق ہاشمی، ڈاکٹر محمد راشد علی بلوچ، محمد عادل قریشی اور محمد منصور قریشی شامل تھے۔