مودی سرکار کی چالاکیوں سے کشمیریوں کی جدوجہد دب نہیں سکتی، سردار فتح اللہ خان میاں خیل

18

اسلام آباد، 5 اگست (اے پی پی): یومِ استحصال کشمیر کی مناسبت سے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے چیئرمین سردار فتح اللہ خان میاں خیل نے کہا ہے کہ کشمیر دراصل پاکستان کا حصہ تھا لیکن ہندوؤں نے مکارانہ سازش سے مقبوضہ کشمیر پر قبضہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے اقوامِ متحدہ میں تسلیم کیا تھا کہ کشمیریوں کو حقِ خود ارادیت دیا جائے گا لیکن مودی حکومت اور اس کی پشت پناہی کرنے والی انتہا پسند جماعتیں ہمیشہ مسلمانوں پر ظلم کرتی آئی ہیں۔

سردار فتح اللہ خان نے مزید کہا کہ ہماری پاک فوج دنیا کی بہترین افواج میں شامل ہے، انہوں نے کہا کہ اگر ہم چاہیں تو ایک گھنٹے میں کشمیر آزاد کرا سکتے ہیں مگر ہم بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کرتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ وہ دن ضرور آئے گا جب کشمیر پاکستان کا حصہ ہوگا۔