ناروے کے اعلیٰ سطحی پولیس وفد کی سنٹرل پولیس آفس لاہور آمد، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے ملاقات

13

لاہور، 08 اگست (اے پی پی): ناروے کی اعلیٰ سطحی پولیس وفد نے سنٹرل پولیس آفس لاہور کا دورہ کیا اور آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے ملاقات کی۔ وفد میں ڈپٹی چیف آف نارویجن پولیس کیٹل ہاکاس، نارویجن پولیس چیف سپرنٹنڈنٹ ٹارکجیلڈ جیونی، نئے نارڈک رابطہ افسر بورج اینوکسن، سبکدوش ہونے والے افسر پر مارٹن بجارٹن اور نارویجن ایمبیسی کے ایڈوائزر صغیر افضل شامل تھے۔ اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی پنجاب سلطان احمد چوہدری، اے آئی جی ایڈمن ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی، اے آئی جی انسپکشن شائستہ ندیم اور ایس ایس پی انوسٹی گیشن راولپنڈی صبا ستار سمیت دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔ آئی جی پنجاب نے وفد کو غیر ملکی شہریوں خصوصاً ناروے کے شہریوں کی سکیورٹی کے لیے پنجاب پولیس کے اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب اور نارویجن پولیس کے درمیان دہشت گردی، شدت پسندی، منشیات، آرگنائزڈ کرائم، ہیومن ٹریفکنگ اور منی لانڈرنگ کے خاتمے کے لیے قریبی روابط اور تعاون موجود ہے۔ دونوں اداروں نے سائبر کرائم اور ڈیجیٹل فراڈ جیسے بڑھتے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تربیتی تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ سپیشل پروٹیکشن یونٹ صوبے بھر میں غیر ملکی شہریوں کی سکیورٹی کے فرائض جانفشانی سے انجام دے رہا ہے اور پنجاب پولیس میں آئی ٹی بیسڈ پولیسنگ اور پبلک سروس ڈلیوری کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ ملاقات میں پولیس کی استعداد کار میں اضافے کے لیے باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ آئی جی پنجاب نے وفد کو “تھانے پنجاب دے” نامی خصوصی کتاب پیش کی، جب کہ وفد نے اے آئی جی انسپکشن شائستہ ندیم کو سووینئر پیش کیا۔