وزیراعظم محمد شہباز شریف سے چینی گارمنٹس گروپ “چیلنج فیشن پرائیویٹ لمیٹڈ” کے وفد کی ملاقات

22

اسلام آباد، 15 اگست ( اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف نے چینی گارمنٹس گروپ “چیلنج فیشن پرائیویٹ لمیٹڈ” کے وفد سے ملاقات میں کہا کہ چیلنج فیشن گروپ کے پاکستانی مارکیٹ پر اعتماد کو سراہتے ہیں، ہماری خواہش ہے کہ چینی صنعتیں پاکستان میں اپنے یونٹس لگائیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ چیلنج گروپ کی جانب سے پاکستان میں خصوصی اقتصادی زون کا خیر مقدم کرتے ہیں، اس خصوصی اقتصادی زون کے ذریعے ٹیکنالوجی ٹرانسفر ، اسکل ڈویلپمنٹ اور پائیدار صنعتی ترقی میں مدد ملے گی۔

ملاقات میں وزیراعظم نے خصوصی اقتصادی زون کے حوالے سے چیلنج گروپ کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات دیں۔

چیئرمین چیلنج گروپ نے کہا کہ چیلنج فیشن گروپ 2014 سے اب تک پاکستان میں 17 ملین امریکی ڈالرز کی سرمایہ کاری کر چکا ہے اور پاکستان میں ایک جدید ٹیکسٹائل انڈسٹری قائم کر رہا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ چین اور پاکستان کی دوستی دنیا میں ایک منفرد مقام رکھتی ہے ، دونوں ممالک ہر مشکل میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔حکومت پاکستان چین-پاکستان دوستی کو نئی بلندیوں پر لے جانے کی خواہاں ہے۔