لاہور، 7 اگست (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے لاہور میں تعینات ہونے والے امریکہ کے نئے قونصل جنرل اسٹیٹسن سینڈرز نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے اسٹیٹسن سینڈرز کو لاہور آمد پر خوش آمدید کہا اور نئے منصب سنبھالنے پر دلی مبارکباد دی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، تجارتی و معاشی تعلقات، توانائی، ٹیکنالوجی، زراعت اور تعلیمی تبادلوں کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے امریکی صدر کی جانب سے پاک بھارت ثالثی کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ اسٹیٹسن سینڈرز کی تعیناتی ایسے وقت میں ہوئی ہے جب دونوں ممالک کے تعلقات میں مثبت پیش رفت ہو رہی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاک امریکہ تعلقات کئی دہائیوں پر محیط ایک قابلِ اعتماد، مستحکم اور پائیدار شراکت داری کی بنیاد پر قائم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی روابط، تجارتی تعاون اور مشترکہ مفادات نے اس شراکت کو مزید مضبوط کیا ہے۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ 2024 میں پاکستان اور امریکہ کے درمیان تجارتی حجم میں اضافہ خوش آئند ہے۔ امریکہ پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار اور قابلِ اعتماد اقتصادی پارٹنر ہے۔ پاکستانی نژاد امریکی برادری دونوں ملکوں کے درمیان عوامی رابطوں کی مضبوط کڑی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اپریل 2025 میں وہ امریکی کانگریشنل پاکستان کاکس سے بھی ملاقات کر چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ہر سال 20 ہزار سے زائد آئی ٹی گریجویٹس فارغ التحصیل ہو رہے ہیں جبکہ صوبہ پاکستان کی زرعی ریڑھ کی ہڈی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت واٹر ایفیشنٹ فارمنگ، پریسیژن ایگریکلچر اور کولڈ چین انفرااسٹرکچر کی ترقی کو ترجیح دے رہی ہے۔ انہوں نے امریکی زرعی ٹیکنالوجی کمپنیوں کو پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دی۔ مزید برآں، وزیراعلیٰ نے بتایا کہ پنجاب میں جدید ٹیکنالوجی سے لیس نئی الیکٹرک ٹرین متعارف کرائی جا رہی ہے اور “اپنی چھت اپنا گھر” پروگرام کے تحت قلیل عرصے میں پبلک سیکٹر ہاؤسنگ میں ایک قابل تقلید مثال قائم کی گئی ہے۔











