لاہور، 21 اگست(اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے جاپان کی سو سالہ پرانی بین الاقوامی کمپنی موریناگا انٹرنیشنل کو پنجاب میں ڈیری کے شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کمپنی کے ہیڈکوارٹر اور پلانٹ کا دورہ کیا اور مِلک انڈسٹری کے مختلف شعبوں کا جائزہ لیا۔ دورے کے دوران وزیراعلیٰ کو کمپنی کی تحقیق اور ترقی کے شعبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ موریناگا کے تجربات کو پنجاب کے ڈیری سیکٹر کی ترقی کے لیے ماڈل بنایا جائے گا اور حکومت پنجاب کمپنی کو ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ڈیری ڈویلپمنٹ اور ایڈوانس پروٹین نیٹ ورک کے قیام کے لیے جاپانی کمپنیوں کو خوش آمدید کہا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر کہا کہ “فارمولامِلک نوزائیدہ بچوں کی ذہنی و جسمانی نشوونما کے لیے ضروری ہے، بطور ماں بچوں کی نگہداشت میرے لیے سب سے اہم ہے۔” وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ 2017 میں وزیر اعظم محمد نواز شریف اور وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کے دور میں موریناگا نے پنجاب میں سرمایہ کاری کی تھی اور آج یہ سرمایہ کاری پنجاب اور جاپان کی فلیگ شپ شراکت داری کی واضح مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ دودھ کی پیداوار میں پاکستان دنیا کا چوتھا بڑا ملک ہے، جس میں پنجاب کا حصہ 60 فیصد ہے۔ تاہم پنجاب کے ڈیری سیکٹر میں اب بھی 80 فیصد پیداوار پرانے طریقوں سے حاصل کی جا رہی ہے جس کی وجہ سے پیداوار اور معیار دونوں مسائل کا شکار ہیں۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ موریناگا کی شراکت داری سے پنجاب کی 63 فیصد دیہی آبادی، جو زراعت اور لائیو اسٹاک سے وابستہ ہے، براہ راست فائدہ اٹھائے گی۔ وزیراعلیٰ نے پنجاب میں موریناگا مِلک انڈسٹری کے بزنس ماڈل کو قابلِ تحسین قرار دیا۔