لاہور/ٹوکیو، 21 اگست (اے پی پی): پنجاب کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ٹوکیو کی پہلی خاتون نائب گورنر ماتسوموتو آکیکو (Matsumoto Akiko) سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران پاکستان اور جاپان کی خواتین لیڈرشپ کے درمیان روابط کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔ ٹوکیو کی پہلی خاتون نائب گورنر بننے پر وزیراعلیٰ پنجاب نے ماتسوموتو آکیکو کو مبارک باد دی جبکہ ماتسوموتو آکیکو نے مریم نواز شریف کو پہلی خاتون وزیراعلیٰ پنجاب منتخب ہونے پر پرتپاک مبارکباد پیش کی۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ خواتین کا قائدانہ کردار پاکستان اور جاپان دونوں ممالک کی قدرِ مشترک ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ جاپان حکومت میں ماتسوموتو آکیکو کی 35 سالہ خدمات عوامی فلاح و بہبود کے لیے قابلِ فخر اور لائقِ تحسین ہیں۔ ملاقات میں پنجاب اور جاپان کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے فروغ، مشترکہ منصوبوں کے آغاز اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پنجاب انفراسٹرکچر، شہری ترقی، قابلِ تجدید توانائی اور صاف پانی کے شعبوں میں جاپان کے تجربات اور جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنا چاہتا ہے۔ اس موقع پر ‘‘ستھرا پنجاب’’ پروگرام کو ٹوکیو کی ‘‘کلین اتھارٹی’’کی طرز پر استوار کرنے پر بھی بات چیت کی گئی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے جاپانی رہنماؤں کو پنجاب میں عوام کو بہتر سفری سہولتیں فراہم کرنے، صوبے کو صاف اور سرسبز بنانے کے منصوبوں اور خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے شروع کیے گئے انقلابی اقدامات سے آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ جاپان ترقی اور اقدار کا شاندار امتزاج اور قابلِ رشک مثال ہے۔ قبل ازیں ٹوکیو میٹروپولیٹن آفس آمد پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا پرتپاک استقبال کیا گیا.۔











